سوشل میڈیا پر ایک جگہ پڑھا کہ پاکستان صرف زمین کا اک ٹکڑا ہے۔ کیا واقعی ایسا ہے؟
پاکستان صرف ایک زمین کا ٹکڑا نہیں ، یہ میرا سب کچھ ہے۔ میرا بچپن ،میری جوانی ، میری خوشیاں ، میرے پیارے، میرے دوست اور ان سب سے متعلق میری یادیں سب اس سے جڑی ہوئی ہیں۔
یہ میری پہچان ہے ، میرا فخر ہے ، یہ میری جان ہے۔ محبت ہے مجھے اپنے وطن سے، اس کی ثقافت سے، اسلامی اقدار سے، گلیوں سے چوباروں سے، ندیوں سے، پہاڑوں سے، جھیلوں سے آبشاروں سے، مسجدوں سے میناروں سے، موسموں سے، فضاوں سے، ہواؤں سے، غرض ہر شے سے۔ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔
میں بچپن سے اب تک دیکھتا آ رہا ہوں ہر چھوٹا بڑا پاکستان سے محبت کرتا ہے۔ ہر پاکستانی وطن کے لیے جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ یہ ملک اللہ کی اک نعمت ہے خدارا اس کی قدر کریں۔
مجھے افسوس ہوتا ہے اور ترس آتا ہے ان لوگوں پر جو پاکستانی ہوتے ہوئے پاکستان کو برا بھلا کہتے ہیں۔ آپ کو اپنے ارد گرد اکثر لوگ یہ کہتے نظر آئیں گے کہ ہم آزاد نہیں۔ شائد انہیں آزادی کا مطلب نہیں پتا۔ اگر آزادی کی قدر جاننی ہے تو جا کر کشمیری عوام سے پوچھیں۔ اگر آزادی کی قدر جاننی یے تو برما اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے پوچھیں۔
آج اگرحالات خراب ہیں تو یہ اور کسی کا نہیں بلکہ صرف ہمارا قصور ہے ۔ یہ ملک دین اسلام کے نام پہ ہمیں اللہ عزوجل نے عطا کیا تھا۔ اور آج اگر یہ سب عذاب ہم پر مسلط ہیں ۔مہنگائی، بجلی، پانی کی قلت کی صورت میں کیوں کہ ہم نے اس کی قدر نہ کی ۔ ناشکری کی، اللہ کی نافرمانی کی ۔ یہ سب ہمارے برے اعمال اور اجتماٰعی گناہوں کا نتیجہ ہے۔
ہم وہ مقصد بھول چکے ہیں جس کے لیے ہم نے یہ الگ وطن حاصل کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ ہم ایک ایسا وطن چاہتے ہیں جہاں ہم اسلام اور اسلامی قوانین پر آزادی سے عمل کر سکیں۔ مگر ہم شائد اس مقصد کو بھول چکے ہیں۔ ہماری مسجدیں ویران نظر آتی ہیں۔ ہم سود خوری اور رشوت خوری کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔ چاہے حکمران ہوں یا عوام ہر کوئی اپنے ذاتی مفاد کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ ہم کوئی بھی کام کرتے وقت ملک کے بارے میں نہیں سوچتے کہ ہمارے اس عمل سے ملک کو کیا فائدہ ہوگا۔ ہم نے آزادی کی قدر نہیں کی۔ لیکن !!!
میں مایوس نہیں کہ اگر ہم سب بحیثیت قوم اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اللہ کے حضور توبہ کریں اور اپنے انفرادی فائدہ کے بجائے اس پاک سرزمین کےفائدے کہ لیئے جدوجہد کریں اور خود بھی اس کو نقصان نہ پہنچائیں اور دوسروں کو بھی روکیں تو انشااللہ ہمارا پیارا ملک خوشحالی، امن، سلامتی کا گہوارہ بن جائے گا۔ انشاء اللہ وہ دن آئے گا کہ ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی